اسلام آباد مارچ؛ اہم حکومتی شخصیات اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت، بعض مطالبات پر فریقین میں اتفاق ہوگیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 15:20

اسلام آباد مارچ؛ اہم حکومتی شخصیات اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) حکومت کی اہم شخصیات اور مذہبی جماعت کے درمیان اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے رانا ثنا اللہ، خواجہ سلمان رفیق اور علامہ طاہر اشرفی کی مذہبی جماعت کے رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران اچھی پیشرفت ہو رہی ہے، فریقین کچھ مطالبات پر آگے بڑھے ہیں، کچھ مطالبات پر بات چیت جاری ہے، حکومت چاہتی ہے کہ مارچ ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو ٹیلیفون کر کے مذہبی جماعت کے مارچ سے متعلق گفتگو کی۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق لیاقات بلوچ نے مریم اورنگزیب سے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کرے، جس پر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ خواجہ سلمان مذہبی تنظیم کی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں۔ترجمان مذہبی جماعت نے اس حوالے سے کہا کہ مذہبی جماعت کی مرکزی کمیٹی کے حکومت پاکستان سے مذاکرات جاری ہیں، تحریک سے وابستہ تمام لوگ مرکز کے فیصلے کا انتظار کریں۔