آسٹریلیا کی تاریخی کامیابی، ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ کے بعد ٹی 20 سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا

بدھ 30 جولائی 2025 13:43

آسٹریلیا کی تاریخی کامیابی، ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ کے بعد ٹی 20 سیریز میں ..
بیسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو آخری ٹی 20 میچ میں شکست دے کر وائٹ واش کر دیا اور سیریز پانچ صفر سے اپنے نام کی۔ویسٹ انڈیز کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم نے بیسٹر میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 سیریز میں بھی کلین سوئپ مکمل کیا۔

ساتھ ہی تاریخ بھی رقم کر دی۔پانچویں میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 170 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ شمرون 52 اور شیرفن ردھرفورڈ 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشیس سب سے کامیاب بولر رہے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن ایلس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کینگروز نے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سات وکٹیں گنوائیں تاہم فتح 18 گیندیں قبل ہی حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے مچل اوون نے 37 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹم ڈیوڈ نے صرف 12 گیندوں پر 30 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔میچ کا بہترین کھلاڑی بین ڈوارشیس کو قرار دیا گیا جب کہ کیمرون گرین سیریز میں 205 رنز بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔کینگروز نے دورہ ویسٹ انڈیز کا تاریخی کامیابی کے ساتھ اختتام کیا اور اس دورے کے دوران 8 میچز کھیلے اور تمام میچز میں فتوحات سمیٹیں۔

پہلے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیریبئن سائیڈ کو وائٹ واش کیا اور پھر 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں بھی مہمان ٹیم کو پانچ صفر سے مات دے کر تاریخی وائٹ واش مکمل کیا۔ویسٹ انڈیز کا اب اگلا امتحان گرین شرٹس سے ٹی 20 اور ون ڈے سیریز ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :