لیجنڈز لیگ : ہندوستانی سپانسر کا پاک بھارت سیمی فائنل سے دستبرداری کا اعلان

EaseMyTrip کے شریک بانی نشانت پٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'X' پر یہ اعلان کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 جولائی 2025 13:39

لیجنڈز لیگ : ہندوستانی سپانسر کا پاک بھارت سیمی فائنل سے دستبرداری ..
برمنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2025ء ) ٹریول کمپنی EaseMyTrip نے برمنگھم میں 31 جولائی کو ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025ء میں ہائی پروفائل انڈیا بمقابلہ پاکستان سیمی فائنل کے لیے بطور سپانسر دستبردار ہونے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان ہندوستان نے اپنے گروپ مرحلے کے چار میچوں میں سے صرف ایک جیتنے کے باوجود نیٹ رن ریٹ پر انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ حاصل کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی کیا ہے۔

EaseMyTrip کے شریک بانی نشانت پٹی نے بدھ کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹویٹر) پر یووراج سنگھ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو ان کی اہلیت پر مبارکباد دیتے ہوئے یہ اعلان کیا لیکن اسپانسر شپ کے حوالے سے کمپنی کی پوزیشن کو واضح کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ "ہم ٹیم انڈیا کی عالمی چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شاندار کارکردگی کے لیے ان کی تعریف کرتے ہیں۔

آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے"۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "تاہم پاکستان کے خلاف آنے والا سیمی فائنل صرف ایک اور کھیل نہیں ہے۔ EaseMyTrip لیجنڈز لیگ میں ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ سے منسلک نہیں ہوگا۔ کچھ چیزیں کھیل سے بڑی ہوتی ہیں۔ قوم پہلے، کاروبار بعد میں۔" 
 
اس سے قبل ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے پاکستان کے خلاف گروپ مرحلے کا میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا، شیکھر دھون اور ہربھجن سنگھ جیسے سینئر ناموں سمیت کئی کھلاڑیوں نے میچ سے باہر بیٹھنے کا انتخاب کیا تھا۔