پی بی سی سی ’’ نیشنل سپیشل ایجوکیشن سنٹربرائے نابینا افراد ‘‘اسلام آباد میں پریکٹس نیٹ تیارکر رہی ہے، سید سلطان شاہ

بدھ 30 جولائی 2025 15:12

پی بی سی سی ’’ نیشنل سپیشل ایجوکیشن سنٹربرائے نابینا افراد ‘‘اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت کےلئےکونسل ’’ نیشنل سپیشل ایجوکیشن سنٹربرائے نابینا افراد ‘‘اسلام آباد میں پریکٹس نیٹ تیارکر رہی ہے جبکہ لاہور میں اعلیٰ معیار کے مطابق کرکٹ گرائونڈ کی تزئین و آرائش کا کام پاک سٹار کمپنی کو سونپا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سپیشل ایجوکیشن سنٹربرائے نابینا افراد ‘‘ اسلام آباد میں پریکٹس نیٹ تیار کررہے ہیں تاکہ یہاں کے کھلاڑیوں کے عالمی معیار کی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نیا ٹیلنٹ بھی تلاش کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

سید سلطان شاہ نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ ہفتے پنجاب کے وزیر کھیل نے کرکٹ گرائونڈ پی بی سی سی کے حوالے کی جس کی عالمی معیار کے مطابق تزئین و آرائش کا کام پاک سٹار کمپنی کو سونپا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمپنی گرائونڈ کی تیاری پاکستان کرکٹ بورڈ کے سٹینڈرڈ کے مطابق کرے گی، اس گرائونڈ کا افتتاح 3 دسمبر2025کو معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی نے رواں سال نومبرمیں بھارت اورنیپال میں ہونے والے خواتین کے ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کی تیاری کےلئے پہلے مرحلے میں 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا ہے تاہم حتمی ٹیم کے انتخاب کےلئے قومی خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اکتوبر میں لگایا جائے گا جس میں سے 16 رکنی حتمی ٹیم ورلڈ کپ کےلئے منتخب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈ کپ کے تمام میچزنیپال میں کھیلے گا۔\395