غزہ جنگ کا خاتمہ اور دو ریاستی حل پر زور، سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام پر’’نیویارک ڈکلریشن‘‘ جاری

بدھ 30 جولائی 2025 15:12

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) سعودی عرب اور فرانس نے اقوام متحدہ میں اپنے مشترکہ اعلامیہ میں غزہ جنگ کے خاتمہ اور دو ریاستی حل پر زوردیا ہے ۔ اردو نیوزکےمطابق مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹر میں بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام پر’’نیویارک ڈکلریشن‘‘ جاری کیا گیا ،کانفرنس کی صدارت سعودی عرب اور فرانس نے مشترکہ طور پر کی۔

مشترکہ اعلامیے میں محدود مدت میں اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا خاکہ پیش کیا گیا جس میں فریقین کےلیے سکیورٹی گارنٹی کا خیال رکھا گیا ہے۔اس اعلامیے کی توثیق ایک وسیع بین الاقوامی شراکت داروں کے گروپ نے کی، جنہوں نے کانفرنس کے دوران ورکنگ گروپس کی سربراہی کی،ان میں برازیل، مصر، جاپان، آئرلینڈ اور یورپی یونین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے آرگنائزر نے اسے ایک بے مثال عالمی اتفاق رائے قرار دیا جس میں دیرینہ تنازع کے حل کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ غزہ کی جنگ کو اب ختم ہونا چاہیے،اعلا میے میں خبردار کیا گیا کہ جاری تنازع میں ایک قابل اعتبار امن کے راستے کی عدم موجودگی، علاقائی اور بین الاقوامی استحکام کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔

مصر قطر اور امریکا کی ثالثی میں فوری طور پرایک مرحلہ وارجنگ بندی کے معاہدے کے نفاذ پر زور دیا گیا تاکہ لڑائی کا خاتمہ ہوسکے، یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کو یقینی اور اسرائیلی فوجیوں کا غزہ سے انخلا ممکن بنایا جائے۔اعلامیے میں فلسطینی اتھارٹی کے زیر کنٹرول غزہ اور مغربی کنارے کی ری یونیفیکشن پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ ایک عبوری انتظامی کمیٹی جسے بین الاقوامی شراکت داروں کی حمایت حاصل ہوگی فلسطینی اتھارٹی کے تحت کام کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ صرف ایک سیاسی حل ہی امن یا سکیورٹی فراہم کرسکتا ہے۔ 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی حمایت کا اعادہ کیا گیا جس میں مقبوضہ بیت المقدس مستقبل کی فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہوگا۔اعلامیے میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے وسیع بین الاقومی حمایت کا بھی وعدہ کیا گیا،عرب اور او آئی سی کے بحالی پلان کی توثیق اور مصر میں غزہ تعمیر نو کانفرنس کا اعلان کیا گیا۔

فلسطینی انتظامیہ کے اصلاحات کے ایجنڈے کی حمایت کی گئی۔اعلامیے پر دستخط کرنے والے ممالک نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ بستیوں کی تعمیر اور آباد کاروں کے تشدد کو روکے اور دو ریاستی حل کے لیے ایک واضح عزم کا اظہار کرے ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے، اب وقت آگیا کہ جنگ کے خاتمے، فلسطینی ریاست کے قیام اور دونوں قوموں کے وقار اورامن کو یقینی بنانے کے لیے ایک فیصلہ کن اور اجتماعی ایکشن کیا جائے۔