Live Updates

مویشی پال حضرات مون سون کے موسم میں جانوروں کی خوراک بارے احتیاطی تدابیر اختیار کریں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک پسرور

بدھ 30 جولائی 2025 15:13

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک پسرور ڈاکٹر عقیل سہیل نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور خوراک کے بارے میں مویشی پال حضرات کو محکمے کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کا موسم جہاں فصلوں اور سبز چارے کے لیے برکت لے کر آتا ہے وہیں ڈیری فارمرز کے لیے کئی چیلنجز بھی لے کر آتا ہے۔

نمی بارش اور گندے ماحول کی وجہ سے جانوروں کی خوراک جلد خراب ہو سکتی ہے جس سے ان کی صحت اور دودھ کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے مون سون میں جانوروں کی خراب یا سڑی ہوئی خوراک سے پرہیز کریں۔ بارش کی وجہ سے چارہ جلدی خراب ہو سکتا ہے یا اس میں پھپھوندی لگ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایسی خوراک جانوروں کو بیمار کر سکتی ہے خصوصاً معدے اور جگر کی خرابی اور دودھ کی کمی کا سبب بنتی ہے اس لیے ہمیشہ تازہ اور خوشبودار چارہ استعمال کریں۔

کوشش کریں کہ ونڈا چوکر مکئی یا سویا بین جیسی خوراک کو نمی سے دور، بند برتن یا ڈرم میں رکھیں۔ گیلا ونڈا فنگس پیدا کرتا ہے جو جانوروں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا، سائیلج کو نیچے سے یا اندر سے نہ نکالیں بلکہ سامنے سے نکالیں اور نکالنے کے بعد دوبارہ اچھی طرح ڈھانپ دیں تاکہ بارش یا نمی اندر نہ جائے۔ خراب سائیلج جانوروں کو ہرگز نہ کھلائیں۔

مون سون میں جانوروں کے جسم میں منرلز اور نمکیات کی کمی ہو سکتی ہے۔ لہٰذا ونڈے میں نمک، منرل مکسچر کا استعمال لازمی کریں تاکہ دودھ کی پیداوار اور جسمانی طاقت برقرار رہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ جانوروں کو کسی بھی بیماری کی صورت میں خود علاج نہ کریں، بلکہ فوری طور پر متعلقہ لائیوسٹاک ڈپارٹمنٹ یا قریبی ویٹرنری اسپتال سے رابطہ کریں تاکہ جانور کو بروقت اور درست علاج مل سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :