Live Updates

گوجرانوالہ ، شدید بارش کے باعث شہرمیں بروقت نکاسی آب یقینی بنانے کیلئےڈپٹی کمشنرکا نشیبی علاقوں کا دورہ

بدھ 30 جولائی 2025 15:13

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) علی الصبح ہونے والی شدید بارش کے باعث شہر میں بروقت نکاسی آب یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نےنشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا، واسا حکام کو اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا نہ ہونے کے لیے مشینری اور عملہ کو مکمل طور پر فیلڈ میں متحرک رکھنے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشن پوری صلاحیت پر چلانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

بارشی پانی کے نکاس کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو فیلڈ میں رہنے اور تمام نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے فوری نکاس کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سول ہسپتال روڈ، جی ٹی روڈ، سیالکوٹ روڈ، کچہری روڈ، جناح اسٹیڈیم کے اطراف اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ علاقوں سے ڈی واٹرنگ سیٹ اور سکر مشینوں سے فوری نکاس یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ عملہ چوکس رہے تمام روڈ سائیڈز ڈرین ڈیسلٹنگ کو جاری رکھا جائے اورتمام مقامات پر نکاسی آب کے نظام کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ ہو ۔انہوں نے شہریوں کو مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نالوں اور کھڑے پانی سے دور رہیں اور والدین بچوں کو بارش کے دوران گھر سے باہر نہ نکلنے دیں۔

بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی ہدایات پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز (جنرل فیصل سلطان، فنانس و پلاننگ سمیرا عنبرین اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی اقراء مبین گوندل، صدر فیصل مجید، کامونکی ڈاکٹر زرغونہ سعید، نوشہرہ ورکاں جواد حسین پیرزاہ، وزیر آباد عبدالقدیر زرقون نے اپنی اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نشیبی علاقوں میں پانی کی صورتحال، مشینری کی موجودگی، اور صفائی عملہ کی کارکردگی کو چیک کیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات دیں کہ نکاسی آب کے عمل کو تیز کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔\378
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات