لاہورہائیکورٹ نے جمشید دستی کی درخواست پراین اے 175 میں ضمنی انتخاب رکوا دیا

بدھ 30 جولائی 2025 16:53

لاہورہائیکورٹ نے جمشید دستی کی درخواست پراین اے 175 میں ضمنی انتخاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 میں ضمنی انتخاب رکوادیا، عدالت اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا۔جیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے این اے 175 میں ضمنی الیکشن شیڈول معطل کردیا، عدالت نے الیکشن کمیشن اٹارنی جنرل سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس نے استفسارکرتے ہوئے کہا کہ وکیل صاحب یہ بتائیں کہ آپ نے وکالت نامہ کب سائن کیا، سچ سچ بتائیں کہانی بہت مزے کی ہے۔ وکیل جمشید دستی نے کہا کہ میں نے وکالت نامہ تاخیر سے دستخط کیا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے پوری درخواست،الیکشن کمیشن کا فیصلہ سب کچھ پڑھ لیا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل اشتیاق چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ریفرنس آیا جس پر نوٹس ہوا، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ الیکشن کمیشن بغیر کسی عدالتی ڈکلیریشن کے کسی کو خود سے نااہل نہیں کرسکتا۔

وکیل اشتیاق چوہدری نے کہا کہ موجودہ کیس میں الیکشن کمیشن نے بغیر کسی عدالتی ڈکلیریشن کے درخواست گزار کو نااہل کیا۔عدالت نے جمشید دستی کی استدعا پر این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرتے ہوئے ضمنی انتخابات روک دیے۔عدالت نے جمشید دستی کے خلاف الیکشن کمیشن کی کاروائی بھی معطل کردی جبکہ اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے رواں ماہ 15 جولائی کو جمشید دستی کی تعلیمی اسناد کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔۔جمشید دستی کیخلاف اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کی نااہلی کی 2 درخواستیں منظور کرلی تھیں۔اس سے قبل مئی میں الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے خلاف اثاثوں اور واجبات سے متعلق امیر اکبر کی درخواست پر سماعت کی تھی۔