ڈرائیونگ اسکولز میں خواتین کی ریکارڈ شمولیت ہمارے عوامی خدمت کے مشن کا نتیجہ ہے،آر پی اوملتان

بدھ 30 جولائی 2025 17:57

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ریجنل پولیس آفس ملتان کے زیر انتظام ڈرائیونگ اسکولز میں عوامی شرکت خاص طور پر خواتین کی بھرپور شمولیت نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران ڈرائیونگ اسکولز میں 233 شہریوں نے داخلہ لیا جو کہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ سال 2025 کے دوران اب تک مجموعی طور پر 2,313 شہریوں نے داخلہ لیاہے جن میں 60 فیصد سے زائد خواتین شامل ہیں۔

یہ اعداد و شمار عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور خواتین کی عملی زندگی میں متحرک شرکت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

آر پی او کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کا بنیادی فریضہ عوام کو سہولت، تحفظ اور بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ڈرائیونگ اسکولز میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت ہمارے عوامی خدمت کے مشن کا نتیجہ ہے۔آر پی او آفس کے تحت قائم ڈرائیونگ اسکولز میں شہریوں کو جدید تربیتی سہولیات، اخلاقی رہنمائی اور عملی مشق فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف بااعتماد بلکہ ذمہ دار ڈرائیور بن سکیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ مستقبل میں ان اسکولز میں سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری بالخصوص خواتین ان سے مستفید ہو سکیں۔