کمشنر و چیئرمین انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ پشاور کا تعلیمی بورڈ کا بجٹ دوگنا کرنے کا اعلان

بدھ 30 جولائی 2025 18:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن و چیئرمین انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ پشاور ریاض خان محسود نے پشاور تعلیمی بورڈ کا بجٹ دوگنا کرنے اور انعامی رقوم میں تین گنا اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور تعلیمی بورڈ نے ملکی اور بین الااقوامی سطح پر نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں ، طلبہ کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی جانب راغب کیا جائے گا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پشاور تعلیمی بورڈ میں نیشنل انٹر کالجیٹ اسپورٹس مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں سیکرٹری پشاور تعلیمی بورڈ مہدی جان، کنٹرولر امتحانات انعام اللہ شاہ، سابقہ انٹرنیشنل ایتھلیٹ ڈائریکٹر اسپورٹس پشاور تعلیمی بورڈ منظر خان، ڈپٹی سیکرٹری پشاور تعلیمی بورڈ عالمزیب خان اور طلباء و طالبات، کوچز اور دیگر آفیشلز نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ طلبہ اور نوجوانوں میں موبائل کے غلط استعمال اور موبائل گیمز کی وجہ سے فزیکل گیمز پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور فزیکل گیمز میں کمی آنے کا اندیشہ ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی طرح اسپورٹس پر بھی توجہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے کھیلوں کے فروغ سے ہی منشیات اور موبائل کے غلط استعمال میں کمی لائی جاسکتی ہے ، صوبائی حکومت بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے دورس اقدامات کررہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ، پشاور تعلیمی بورڈ میں بین الاقوامی سطح کا جمنیزیم موجود ہے اسے کھیلوں کے لیے زیادہ سے زیادہ استعمال میں لاکر کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا ، کھلاڑی کسی بھی مسئلے کی صورت میں براہ راست مجھ سے رابطہ کریں ، میرے دروازے ہمیشہ کھلے رہینگے۔

کمشنر و چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود نے کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پشاور تعلیمی بورڈ کا بجٹ دوگنا کرنے اور انعامی رقوم میں تین گنا اضافے کا اعلان کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم اور تعلیمی میدان میں شفافیت اور میرٹ کو آگے لانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے، طلبہ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہونگے ۔ تقریب کے آخر میں ریاض خان محسود نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ/ کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔