توثیق حیدر نے شادیوں کو لے کر معاشرے کے دوہرے میعار کو اجاگر کردیا

بدھ 30 جولائی 2025 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)سینئر میزبان و اداکار توثیق حیدر نے شادیوں کو لے کر معاشرے کے دوہرے میعار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاہے کہ شادی عمر نکلنے کے ڈر سے نہیں اس سے کرنی چاہئے جس سے مل کر لگے اس کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے توثیق حیدر نے کہا کہ میں نے محسوس کیا ہے کہ جب مرد شادی نہیں کرتا تو یہ تاثر پیش کیا جاتا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی نہ کرنے کا انتخاب کیا ہے جبکہ خواتین کیلئے ایسا تاثر پیش کیا جاتا ہے کہ ان کی شادی ہو نہیں سکی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی کسی مرد کے بارے میں بات کریں گے تو کہیں گے کہ آپ نے شادی نہیں کی، جبکہ یہی بات کسی خاتون کیلئے کی جائے گی تو کہا جائے گا کہ فلاں کی شادی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

توثیق حیدر نے کہا کہ مرد نے نہیں کی اور عورت کی نہیں ہوئی، ممکن ہے کہ مرد کی نہیں ہوئی ہو۔انہوں نے کہا کہ آج تک کسی نے مجھ سے میرا دکھ پوچھا ہی کیا پتہ میری شادی نہیں ہوئی ہو۔

اسی طرح ممکن ہے کہ خواتین نے اپنی مرضی سے نہ کی ہو، لیکن اسے بیچاری بنا دیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا میں نے اپنے وقت میں کسی کو ڈھونڈا لیکن میری ان سے شادی ہو نہیں سکی، بعدازاں زندگی میں کیرئیر پر توجہ مرکوز کر دی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عمر نکلنے کے ڈر سے شادی نہیں کرنی چاہیے بلکہ شادی اس وقت اور اس شخص سے کرنی چاہیے جس سے مل کے لگے کہ اس کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔

متعلقہ عنوان :