میر صادق سنجرانی کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایرانی حکام نے راجے روتک تجارتی گزرگاہ کو دوبارہ کھول دیا

بدھ 30 جولائی 2025 21:47

میر صادق سنجرانی کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایرانی حکام نے راجے روتک تجارتی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) سابق چیئرمین سینٹ و رکن بلوچستان اسمبلی میر صادق سنجرانی کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایرانی حکام نے راجے روتک تجارتی گزرگاہ کو دوبارہ کھول دیاتفصیلات کے مطابق ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کے بعد ایرانی حکومت کی جانب سے پاک ایران سرحد پر تجارتی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی، تاہم سیز فائر کے بعد سرحدی تجارتی گزرگاہیں مرحلہ وار کھولی گئیں۔

چاغی ضلع سے منسلک راجے روتک تجارتی گزرگاہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل بند رہی، جس کے باعث دونوں جانب کے ہزاروں افراد معاشی مشکلات کا شکار رہے۔گزشتہ دنوں سابق چیئرمین سینیٹ اور رکن صوبائی اسمبلی چاغی حاجی صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر سے خصوصی ملاقات کی اور راجے روتک بارڈر کی بندش کے معاملے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس بندش سے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو شدید مالی نقصان پہنچ رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ راجے روتک بارڈر کی بحالی سے نہ صرف تجارت بحال ہوگی بلکہ دونوں جانب کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق، مذکورہ ملاقات کے بعد ایرانی حکام نے راجے روتک تجارتی گزرگاہ کو دوبارہ کھول دیا ہے جس پر چاغی کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی قبائلی و سماجی حلقوں نے ایم پی اے حاجی صادق سنجرانی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔عوامی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ تفتان امیگریشن گیٹ سے پاکستانی شہریوں کو ویزہ پر ایران جانے کی اجازت تاحال نہیں دی جا رہی، جس کے باعث رخشان ڈویڑن سمیت چاغی کے ہزاروں افراد کے ویزے کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے۔ مقامی شہریوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ایرانی حکام سے رابطہ کرکے تفتان گیٹ سے ویزہ ہولڈرز کو ایران میں داخلے کی اجازت دلوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔