بلوچستان کے نوجوان ہمارا سرمایہ ،روزگار کی فراہمی کے لیے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور اقدامات کر رہا ہے، سردار بابا غلام رسول عمرانی

بدھ 30 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) صوبائی مشیر محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارا سرمایہ ،ان کی فلاح و بہبود اور روزگار کی فراہمی کے لیے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول عمرانی نے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں صوبے کی ترقی و خوشحالی، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، فنی تربیت کے فروغ اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ ہم جدید فنی تعلیم و تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف منصوبے زیر غور ہیں جن میں صنعتی تربیتی مراکز کی اپ گریڈیشن، غیر رسمی شعبے میں مہارت رکھنے والے افراد کی اسناد کاری اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک شامل ہے۔

صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے مشیر لیبر اینڈ مین پاور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابا غلام رسول عمرانی کی قیادت میں محکمہ نوجوانوں کے لیے قابل قدر اقدامات کر رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ان کوششوں سے صوبے میں بے روزگاری میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور نوجوان ایک مثبت سمت میں گامزن ہوں گے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی ترقی کے لیے بین المحکماتی تعاون کو مزید مؤثر بناکر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔