پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے علاج معالجہ اور بحالی کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں،آئی جی پنجاب

جمعرات 31 جولائی 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پر عزم، گذشتہ اڑھائی سال کے دوران مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کو علاج کیلئے 33 کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ 41 بچوں کی کوکلیئرامپلانٹ سرجریز کیلئے 7 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے۔

اسی طرح دماغی معذور (سیریبل پالسی) 654 بچوں کو ماہانہ 10 ہزار جبکہ مجموعی طور پر 14 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم دی گئی۔تھیلیسمیا سے متاثرہ 161 بچوں کو ماہانہ 15 ہزار اور مجموعی طور پر طبی اخراجات کیلئے 5 کروڑ 98 لاکھ روپے، قوت سماعت کے دیگر عارضوں کا شکار 162 بچوں کو علاج معالجے کیلئے 1 کروڑ 2 لاکھ روپے، مختلف سنگین بیماریوں کا شکار 193 بچوں کو علاج معالجے کیلئے 3 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد اورزیر تعلیم 58 سپیشل بچوں کو 1 کروڑ روپے سے زائد کے وظائف دئیے گئے جبکہ پولیس ملازمین کے جسمانی معذور 131 بچوں کو وہیل چیئرز بھی فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے علاج معالجہ اور بحالی کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں،پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کی زندگی آسان اور باوقار بنانے کیلئے ویلفیئر کر رہے ہیں۔