چینی کی ڈبل سنچری،پشاور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور

جمعہ 3 اکتوبر 2025 22:15

چینی کی ڈبل سنچری،پشاور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت کی ڈبل سنچری مکمل ہوگئی،پی ٹی آئی حکومت کیزیر انتظام پشاور نے چینی کی زیادہ قیمتوں میں پورے ملک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے نئے اعدادو شمار جاری کردیے جس کے مطابق پشاور کے شہری ملک میں سب سے زیادہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں جہاں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 200 روپے تک فی کلو ہوگئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کراچی میں چینی کی فی کلو قیمت 195 روپے،کوئٹہ 192 اور اسلام آباد میں چینی کی فی کلو قیمت 190 روپے تک ہے جبکہ پنجاب میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 190 روپے تک ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 183 روپے 89 پیسے پر آگئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 5 پیسے کی کمی ہوئی۔گزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 183 روپے 94 پیسے اور ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 137 روپے 51 پیسے تھی۔