پی آئی اے رواں ماہ برطانیہ کیلئے پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی، پاکستانی ہائی کمیشن

جمعہ 3 اکتوبر 2025 22:15

پی آئی اے رواں ماہ برطانیہ کیلئے پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی، پاکستانی ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی ای) اس ماہ برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی۔اعلان میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سول ایوی ایشن اتھارٹی یوکے کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ (ایف او پی) جاری کیا، جو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی پروازوں کے آغاز کے لیے آخری دستاویز ہے۔

کہا گیا کہ پی آئی اے کو پہلے ہی برطانیہ میں پروازوں کے لیے تھرڈ کنٹری آپریٹر (ٹی سی او) کی منظوری مل چکی ہے اور پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کو شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ میں پروازوں کے لیے درخواست دینے کی اجازت ملی تھی۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایوی ایشن سیکیورٹی کا معائنہ مکمل کیا اور پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات کو ’اطمینان بخش اور عالمی معیار کے مطابق قرار دیا۔خیال رہے کہ جون 2020 میں پی آئی اے پر یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا کے لیے پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، ایک ماہ بعد جب اس کا ایئربس ای-320 طیارہ کراچی کے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں تقریباً 100 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔یہ پابندی اس وقت لگائی گئی تھی، جب اٴْس وقت کے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے 262 پائلٹس کے لائسنسز کو ’ مشکوک’ قرار دیا تھا۔یورپ میں پروازوں پر عائد پابندی نومبر 2024 میں ختم کر دی گئی تھی۔