زرعی ماہرین کا کسانوں کو دھان کی فصل کی بہتر نگہداشت کے لیے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

جمعرات 31 جولائی 2025 12:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع ) پسرور ڈاکٹر سجاد حیدر نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب سمیت ملک کے کئی حصوں میں دھان کی کاشت کا عمل تقریبا مکمل ہو چکا ہے، جس کے بعد زرعی ماہرین نے کسانوں کو فصل کی بہتر نگہداشت کے لیے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ دھان کی کاشت کے فوراً بعد کیڑوں اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ابتدائی دنوں میں فصل کی خاص دیکھ بھال ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھان کی کاشت کے شروع میں کھیت میں ضرورت کے مطابق پانی رکھا جائے، پانی کی زیادتی یا کمی دونوں نقصان دہ ہو سکتی ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ کھیت میں پانی کا مسلسل بہاؤ نہ رکھا جائے، وقفہ وقفہ سے پانی تبدیل کریں۔

(جاری ہے)

جڑی بوٹیوں کوکنٹرول کرنے کے لیے کاشت کے 7 سے 10 دن کے اندر اندر جڑی بوٹی مار دوا کا استعمال کریں۔ اس کے استعمال سے فصل کی نشوونما بہتر ہو جاتی ہے ۔

پتوں کو نقصان پہنچانے والے کیڑے اور سنڈیاں ابتدائی مرحلے میں حملہ کر سکتی ہیں۔فصل کا روزانہ مشاہدہ کریں، حملہ کی صورت میں فوری اسپرے کریں۔کاشت کے 10 سے 15 دن بعد نائٹروجنی کھاد (یوریا) کی پہلی قسط دیں۔کھاد ہمیشہ نمی والی زمین میں ڈالیں تاکہ فصل کو فائدہ ہو۔محکمہ زراعت نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی بیماری یا کیڑے کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی زرعی دفتر یا ماہرین زراعت سے رجوع کریں تاکہ بروقت اور درست رہنمائی فراہم کی جا سکے۔