الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سےبلا سود قرضہ جات اور خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم

جمعرات 31 جولائی 2025 15:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بے روزگار افراد کو روزگار کی فراہمی،بلا سود قرضہ جات اور خواتین میں سلائی مشین تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلعی امیر جماعت اسلامی میاں اویس قاسم تلہ، ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن میاں اظہار الحق، ضلعی جنرل سیکرٹری میاں محمد سلیم، غلام مصطفی طاہر، ڈاکٹر طاہر فاروق و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں شریک بے روزگار افراد کو مختلف اقسام کے روزگار جن میں سبزی، پھل، اور دیگر ضروری اشیاء کی فروخت شامل ہے ،اس کے متعلق سامان بھی فراہم کیا گیااور ہتھ ریڑھیاں بھی دی گئی، نئے کاروبار کے آغاز اور پہلے سے جاری کاروبار کو فروغ دینے کے لیے فاؤنڈیشن کی جانب سےبلا سود قرضے بھی فراہم کیے گئے ہیں، اس موقع پر ہنر مند خواتین میں سلائی مشین بھی تقسیم کی گئی، فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کاکہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف انفرادی فائدہ ہوگا بلکہ یہ منصوبہ بے روزگاری کم کرنے اور خود انحصاری کو فروغ دینے کی سمت میں ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

اس قسم کے مزید پروگرامز کا اہتمام آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بے روزگار افراد کو روزگار مہیا کیا جا سکے، اب تک سینکڑوں افراد کو روزگار کی فراہمی اور دو کروڑ روپے کی رقم بلا سود قرض کی مد میں دی جا چکی ہے۔