Live Updates

چینی مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں، 27 افراد کے خلاف ایکشن، 9 مقدمات درج،جرمانے عائد

جمعرات 31 جولائی 2025 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے چینی مافیا اور گرانفروشوں کے خلاف موثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر27 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی،جن میں9 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، 13 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے چار لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں چینی کی کوئی قلت نہیں اور طلب کے مطابق بھرپور سپلائی موجود ہے۔چینی173 روپے فی کلوگرام کی سرکاری قیمت پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کے لیے افسران فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ صرف اسی صورت ممکن ہے جب سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ زائد قیمت وصول کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔کاروبار کے نام پر عوام کا استحصال کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا۔مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چینی کی فراہمی میں کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں شہری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یا ضلعی کنٹرول روم نمبر0307-0002345 پر شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق شہری سوشل میڈیا پر بھی ضلعی انتظامیہ یا ڈپٹی کمشنر لاہور سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ناجائز منافع خوری کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات