وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا حلقہ کا دورہ ،رتہ روڈ کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا

جمعرات 31 جولائی 2025 16:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اپنے حلقہ کا دورہ کیا اور رتہ روڈ کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا، منصوبے کی نگرانی نیسپاک جبکہ منصوبہ پر عملدرآمد راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کرے گی، مذکورہ منصوبہ کی تکمیل ڈیڑھ ماہ میں ہو گی جس میں نالے کی بحالی بھی شامل ہے۔وزارت ریلوے کی جانب سے جمعرات کے روز یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس منصوبہ کی تعمیر سے تاجر برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقہ مکینوں نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کا والہانہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، آپ ہمارے بھائی ہیں، ہر ممکن مدد کریں گے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا سفر عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے، ترقیاتی منصوبے عوامی خدمت کا تسلسل ہیں، ہم زبانی وعدوں پر نہیں عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔