ڈی جی ایف ڈی اے کا ادارہ کے مالی استحکام کیلئے پائیدار بزنس ماڈلز تیار کرنے کا حکم

جمعرات 31 جولائی 2025 18:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ادارہ کے مالی استحکام کے لئے دیرپا پائیدار بزنس ماڈلز تیار کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ایف ڈی اے کی دستیاب جائیدادوں کو منافع بخش منصوبوں کے لئے بروئے کار لانے سے متعلق موثر لائحہ عمل اختیار کریں۔ وہ ایک اجلاس کے دوران واجبات کی وصولی کے اہداف پر عملدرآمد اور مالیات کی موجودہ صورت حال کاجائزہ لے رہے تھے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم و دیگرافسران اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ شہر میں ایف ڈی اے کے ملکیتی قیمتی پلاٹس کو فائدہ مند منصوبوں کے لئے استعمال کرنے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کریں تاکہ ادارہ کے مالی استحکام کے لئے مستقبل آمدنی کا بندوبست ہو سکے۔

انہوں نے ریکوری مہم کونتیجہ خیز بنانے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ دیرینہ نادھندگان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرکے واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرشلائزیشن فیسوں کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے پلاٹس کوسربمہر رکھیں جبکہ ہاؤسنگ سکیموں میں غیرقانونی ڈویلپمنٹ کے خلا ف عائد جرمانوں کی وصولی میں کسی سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیئے۔

انہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے نادھندہ الاٹیز سے ریکوری کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ واجبات ادا نہ کرنے والوں کے پلاٹ منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے۔ اجلاس کے دوران ایف ڈی اے سٹی میں پبلک بلڈنگز کے لئے مختص پلاٹس میں وفاقی حکومت کے بعض اداروں کے دفاتر تعمیر کرنے کی دلچسپی، اس ضمن میں محکمانہ شرائط اور متعلقہ قوانین کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی ایف ڈی اے نی مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کا حکم دیا اور حسابات کے اندراجات میں شفافیت اور روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ریکوری مہم کی مانیٹرنگ کی تفصیلات اور مقررہ اہداف کے حصول کے بارے میں اقدامات کے بارے میں بتایا۔ ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ اور ٹاؤن پلاننگ نے اپنے شعبوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :