ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضوابط نافذ ہونے چاہئیں، آصفہ بھٹو زرداری

ناگزیروجوہات کی بنیاد پربچوں کو دودھ نہ پلانے والی ماں کووہی احترام دینا چاہیے جو دودھ پلانے والی ماں کو دیا جاتا ہے، خاتون اول

جمعہ 1 اگست 2025 22:25

ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضوابط نافذ ہونے چاہئیں، آصفہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)صدرمملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضوابط نافذ ہونے چاہئیں۔بچوں کو دودھ پلانے کے عالمی ہفتے کے موقع پر جاری پیغام میں آصفہ بھٹو نے کہاکہ دودھ پلانا ہمارے بچوں کو تحفظ دینے کے چند فطری اور موثر ترین طریقوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 6ماہ صرف ماں کا دودھ اور بعد کے دو سال تک دودھ کیساتھ ساتھ مناسب خوراک بچوں کی قوت مدافعت اور ذہنی نشوونما کو بہتر بناتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دودھ پلانے والی خواتین میں چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر کا خطرہ بھی نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے، ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر بچوں کو دودھ نہ پلانے والی ماں کو وہی عزت اور احترام دیا جانا چاہیے جو دودھ پلانے والی ماں کو دیا جاتا ہے۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضوابط نافذ ہونے چاہئیں تاکہ ماں کو غیرجانب دار اور سائنسی بنیاد پر معلومات فراہم کی جاسکیں۔خاتون اول نے کہا کہ اداروں کو چاہئے کہ وہ ماں کو دودھ پلانے کیلئے مخصوص جگہ فراہم کریں تاکہ دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی ہو اور متبادل دودھ کا دبائو کم ہو۔

متعلقہ عنوان :