نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس اِن جیالوجی کا خیبر پختونخوا میں کوئلے کی تلاش کے لیے جیوفزیکل ٹولز پر ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف پشاور کے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس اِن جیالوجی نے خیبر پختونخوا میں کوئلے کی تلاش کے لیے "جیوفزیکل ٹولز" کے موضوع پر دو روزہ تکنیکی ورکشاپ کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ یہ ورکشاپ نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس اِن جیالوجی پشاور کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جسے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے این آر پی یو پراجیکٹ کے تحت اسپانسر کیا گیا۔

ورکشاپ میں جدید ایکسپلوریشن تکنیکوں کی تربیت فراہم کی گئی جن میں گراؤنڈ پینیٹریٹنگ ریڈار ، الیکٹریکل ریزسٹیوٹی سروے اور جیوکیمیکل تجزیہ شامل تھے، جیسے فروتھ فلوٹیشن پراسیسز، اسکیننگ الیکٹران مائیکروسکوپی ، ایکس رے ڈفریکشن ، اور کوئلے کی بہتری کے طریقے۔ ان سیشنز کا مقصد کوئلے کی تلاش اور وسائل کی ترقی میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

یہ ورکشاپ سرکاری و نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے طلبہ، محققین اور انڈسٹری پروفیشنلز کی شرکت سے منعقد ہوئی جس نے تعلیمی اداروں اور معدنیات کی تلاش کرنے والی انڈسٹری کے درمیان قیمتی علمی تبادلے کو فروغ دیا۔ورکشاپ کی سربراہی پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی ڈائریکٹر نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس اِن جیالوجی پشاور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پراجیکٹ کے پرنسپل انویسٹی گیٹر نے بطور چیف آرگنائزر کی جب کہ تنظیمی کمیٹی میں ڈاکٹر محمد یونس خان، ڈاکٹر اصغر علی اور جناب احتشام اللہ شامل تھے۔ورکشاپ کا اختتام جمعرات کو سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے ہوا جس میں شرکاء کی بھرپور شرکت کو سراہا گیا۔

متعلقہ عنوان :