سوشل میڈیا نوجوانوں کے لیے مثبت تبدیلی کا مؤثر ذریعہ ہے، شازیہ رضوان

جمعرات 31 جولائی 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے سوشل میڈیا ٹیم کی خواتین سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل، بالخصوص خواتین، معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بن سکتی ہیں۔ملاقات کے دوران شازیہ رضوان نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا محض تفریح یا وقت گزاری کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک بااثر پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو اگر مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تو فرد اور معاشرے دونوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے اور ان کی محنت قابلِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج کی نوجوان نسل، خصوصاً لڑکیاں، اگر سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارم کو تعمیری انداز میں استعمال کریں تو وہ اپنی آواز بلند کرنے، تعلیم، ثقافت، اور مثبت سماجی پیغامات کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں۔

شازیہ رضوان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایسے تمام اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو سوشل میڈیا کو ایک مثبت اور مؤثر ذریعہ بنانے میں مددگار ہوں۔پارلیمانی سیکرٹری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت روایتی ذرائع ابلاغ جیسے اخبارات، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے کسی صورت کم نہیں۔ بلکہ بعض مواقع پر یہ تیز تر رسائی اور وسیع تر اثرات کی وجہ سے ان سے بھی بڑھ کر مؤثر ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان لڑکیاں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سوشل میڈیا کو ترقی، تعلیم، آگاہی اور ثقافتی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گی۔