ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

جمعرات 31 جولائی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی مفاد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جن میں تعلیم، صحت، آبنوشی، میونسپل کارپوریشن، سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر، ایریگیشن، ڈرینیج سسٹم سمیت دیگر اہم شعبہ جات شامل تھے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خلیل احمد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد نواز جتک، ایگزیکٹو انجینئر روڈز بوستان خان چانڈیو، ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن و ڈرینیج گل حسن کھوسہ، پولیس، ایف سی اور انٹیلیجنس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت عوامی مفاد میں اجتماعی نوعیت کی اسکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں جن میں ٹراما سینٹر کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سیلابی خطرات سے بچاؤ، سڑکوں کی مرمت و بحالی، آبنوشی کے منصوبے اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے علاواہ کھلی کچہری کے ذریعے بھی عوام کو جو مشکلات درپیش آرہی ہیں وہ منصوبے بھی شامل پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھیجی جائیں گی جن منصوبوں کی تجاویز لی گئی تھی آج ان تمام اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لے لیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے تاکہ حکومت بلوچستان کے ترقیاتی ویژن کے تحت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسکیموں پر عملدرآمد کے لیے فنی و انتظامی تیاریاں مکمل کریں تاکہ تعمیراتی امور فوری طور پر شروع کیے جا سکیں اور عوام جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔