ہسپتالوں کی بہتری کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنرسرگودھا

ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو(ڈاکٹر فیصل مسعود)ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کر کے’’رحمت اللعالمین بلاک‘‘کا معائنہ

جمعہ 1 اگست 2025 14:20

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو(ڈاکٹر فیصل مسعود)ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کر کے’’رحمت اللعالمین بلاک‘‘کا معائنہ، سہولیات، شفٹنگ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔زرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے ڈی ایچ کیو ڈاکٹر فیصل مسعود،ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کر کیحال ہی میں مکمل ہونے والے "رحمت اللعالمین بلاک" کا معائنہ کیا اور اولڈ بلاک سے مریضوں، سٹاف اور مختلف وارڈز کی مرحلہ وار منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے نیو بلاک میں قائم ایمرجنسی، میڈیکل، سرجیکل، گائنی، لیبارٹری، فارمیسی اور وارڈز کا فردا فردا معائینہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہ راست ملاقات کر کے فراہم کردہ سہولیات، علاج معالجے کے معیار، صفائی اور سٹاف کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

مریضوں اور تیمار داروں نے نئی عمارت، بہتر سہولیات اور ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نئے بلاک میں شفٹنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور یہ امر یقینی بنایا جائے کہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری یا تاخیر کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ہسپتالوں کی بہتری کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ایم ایس ڈاکٹر سہیل طارق نے بتایا کہ’’رحمت اللعالمین بلاک‘‘میں جدید مشینری، ایئر کنڈیشنڈ وارڈز، وافر بیڈز، طبی آلات اور تربیت یافتہ سٹاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بلاک کے فعال ہونے سے ہسپتال پر مریضوں کا دبا ئوکم ہو گا اور علاج معالجے کا معیار مزید بہتر ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف حصوں میں صفائی، طبی فضلہ تلفی کے نظام، واٹر کولرز، ٹوائلٹس اور سکیورٹی کی صورتحال کا بھی معائینہ کیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔