وہاڑی ،بیوہ و مطلقہ خواتین کیلئے مفت مویشی اسکیم، درخواستوں کی تاریخ میں 14 اگست تک توسیع

جمعہ 1 اگست 2025 17:15

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محسن علی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بیوہ اور مطلقہ خواتین میں مفت گائے اور بھینس کی تقسیم کے منصوبے کے تحت آن لائن درخواستیں جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ اب خواہشمند خواتین 14 اگست 2025 تک محکمہ لائیوسٹاک کی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ منصوبہ دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کی عملی کوشش ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد معاشی طور پر کمزور اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والی خواتین کو پائیدار ذریعہ روزگار فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر محسن علی کے مطابق مفت مویشیوں کی تقسیم شفاف انداز میں ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی تاکہ مستحق خواتین تک امداد بلا تعطل اور منصفانہ طریقے سے پہنچ سکے۔