پانچویں کارنر سنوکر چیمپئن شپ ، فائنل میں توصیف ارسلان قریشی نے آصف کو 3-0 سے شکست دیدی

جمعہ 1 اگست 2025 17:43

پانچویں کارنر سنوکر چیمپئن شپ ، فائنل میں توصیف ارسلان قریشی نے آصف ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ایبٹ آباد میں جاری پانچویں کارنر سنوکر چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ مہمان خصوصی سابق بیڈ منٹن پلیئر کوچ حمزہ خان اور سیکریٹری خیبر پختونخوا سنوکر ایسوسی ایشن فیصل چاند اور عمران غفار نے انعامات تقسیم کئے۔ کارنر سنوکر اکیڈیمی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میں ایک زبردست مقابلہ کے بعد توصیف ارسلان قریشی نے آصف کو 3-0 سے شکست دیکر ایونٹ اپنے نام کر لیا۔

تینوں فریم میں انتہائی کانٹے دار مقابلے ہوئے۔

(جاری ہے)

توصیف قریشی نے اپنی زبردست مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو کوئی موقع نہ دیا کہ وہ گیم میں اپنی گرفت مضبوط کر سکے، اسی طرح توصیف ارسلان قریشی نے مقابلہ اپنے نام کیا۔ اس موقع پر حمزہ خان نے کہا کہ پشاور کے بعد ہزارہ کا سنوکر میں دوسرا نمبر ہے، سنوکر کے کئی بڑے نام ہزارہ ریجن سے نکلے اور ملکی سطح پر اپنا نام روشن کیا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سنوکر کی پروموشن کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اس کیلئے اکیڈیمیز کا قیام انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایونٹ انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔