گورنر خیبرپختونخوا ، وفاقی وزیر خالد حسین مگسی ملاقات

ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی مجموعی کیفیت پر تبادلہ خیال

جمعہ 1 اگست 2025 23:13

گورنر خیبرپختونخوا ، وفاقی وزیر خالد حسین مگسی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کے درمیان اسلام آباد میں جمعہ کوایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی مجموعی کیفیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح کے اقدامات اور سیکیورٹی کے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مزید مربوط اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی کا حصول ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلوچستان میں امن و امان کی بہتری کے لیے جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ملک کے مجموعی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔خالد حسین مگسی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ترقیاتی عمل تیز کیے بغیر وہاں کے عوام میں محرومی کا احساس ختم کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان دونوں صوبوں کے عوام کی محرومی کو ختم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر ترقیاتی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ملک میں پائیدار ترقی، امن و خوشحالی کے لیے تمام اداروں اور طبقات کو مل کر اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔