Live Updates

حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا

رواں ہفتے کے دوران پیاز، انڈے، گوشت سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 اگست 2025 20:01

حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست 2025) حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا، رواں ہفتے کے دوران پیاز، انڈے، گوشت سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے میں 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیا سستی ہوئیں اور 28 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے چکن کی قیمت میں4.76 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں1.39 فیصد، ٹماٹرکی قیمت میں17.26 فیصد، آلوکی قیمت میں0.73 فیصد، کیلے کی قیمت 2.97فیصد، دال مونگ کی قیمت میں1.55فیصد، دال چنا کی قیمت میں0.58 فیصد، دال ماش کی قیمت میں0.61 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.59 فیصد کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی ادارہ شماریات نے بتایا کہ انڈوں کی قیمت میں 1.80 فیصد، پیازکی قیمت میں0.02 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمت میں1.11فیصد، بیف کی قیمت میں0.10 فیصد، خشک پاؤڈر دودھ کی قیمت میں 0.49 فیصد، انرجی سیور کی قیمت میں 0.25فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.24 فیصد، سگریٹ کی قیمت میں 0.13 فیصد،گڑ کی قیمت میں 0.04 فیصد اورمٹن کی قیمت میں0.13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.42 فیصد کمی کے ساتھ 2.14فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.42 فیصد کمی کے ساتھ 2.80 فیصد رہی۔

اسی طرح 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.37 فیصد کمی کے ساتھ 2.26 فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار037 فیصد کمی کے ساتھ 1.90فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیےمہنگائی میں اضافے کی رفتار0.33 فیصدکمی کے ساتھ 1.23فیصدرہی ہے۔

دوسری جانب مہنگائی کی ماہانہ شرح میں بھی بڑا اضافہ ہو گیا۔ نئے مالی سال کے پہلے ہی مہینے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جون کے مقابلے جولائی میں مہنگائی کی شرح 2.9 فیصد بڑھ گئی جس کے بعد گزشتہ ماہ مہنگائی کی سالانہ شرح 4.07 فیصد ہوگئی۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جون 2025 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 3.23 فیصد رہی جبکہ جولائی 2024 میں 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ دیہات میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 2.15 فیصد اور شہروں میں مہنگائی میں 3.45 فیصد کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 3.53 فیصد اور شہروں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 4.43 فیصد رہی۔واضح رہے کہ وزارت خزانہ نے جولائی کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات