میپکو ریجن میں "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" ایپ صارفین میں تیزی سےمقبول ہو رہی ہے،سی ای او میپکو

جمعہ 1 اگست 2025 20:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایت پرمیپکو ریجن میں متعارف کرائی گئی "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" موبائل ایپ صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ صارفین بڑی تعداد میں مقررہ تاریخ پر اپنے بجلی کے میٹر کی واضح تصویر کے ساتھ ریڈنگ جمع کروا رہے ہیں، جس سے بلوں میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

میپکو ترجمان کے مطابق اس جدید اقدام سے نہ صرف کیلنڈر بنیاد پر درست بلنگ ممکن ہوئی ہے بلکہ مینوئل میٹر ریڈنگ پر انحصار کم ہونے سے بلنگ کے نظام میں بہتری اور شفافیت آئی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے ایپ بارے بتاتے ہوئے کہاکہ میپکو صارفین کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے تیزی سے سسٹم کو ڈیجیٹلائز کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

"اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" جیسی جدید ایپس صارفین کو بااختیار بنانے کی طرف اہم قدم ہیں، جو گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر بآسانی دستیاب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایپ سے متعلق معلومات صارفین میپکو کی آفیشل ویب سائٹ، سوشل میڈیا اکاؤنٹس، کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹرز اور "پاور اسمارٹ" کے نام سے دستیاب ایپ سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔میپکو انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" ایپ استعمال کرتے ہوئے درست ریڈنگ خود جمع کروائیں اور اس ڈیجیٹل جدت کا حصہ بنیں۔