کوئٹہ ماسٹر پلان پر عمل درآمد سے شہر کے مسائل حل ہونے کیساتھ لوگوں کے معیار زندگی میں بھی خاطر خواہ تبدیلی رونما ہوگی،کمشنر کوئٹہ

جمعہ 1 اگست 2025 20:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کے زیر صدارت کوئٹہ ماسٹر پلان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 1988 سے 2008 تک مرتب کردہ سابقہ ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان نکات پر غور کیا گیا جن پر مکمل یا جزوی طور پر عملدرآمد کیا گیا، جبکہ ان امور کی نشاندہی بھی کی گئی جو تاحال تشنہ تکمیل ہیں۔

اجلاس میں سن 2020 سے 2050 تک کے لیے تیار کردہ مجوزہ ماسٹر پلان پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی ،ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ڈویژنل ڈائریکٹر ڈوپلیمنٹ کوئٹہ ظہور احمد ،پی ڈی کوئٹہ ڈوپلیمنٹ پیکج رفیق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل ٹریفک انجینئرنگ بیورو ،جنرل مینجر صفاء کوئٹہ ،ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ،چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن ،چیف انجینئر ایم سی کیو،چیف آرکیٹیکٹ ایم سی کیوکے علاؤہ میونسپل کارپوریشن کوئٹہ،واسا،پی اینڈ ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ماسٹر پلان کو درپیش اہم مسائل کی نشاندہی کی گئی جن میں لینڈ سروے رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ معلوم ہوا کہ کچھ اجزاء ابھی تک منظوری کے مراحل میں ہیں، جن کی جلد منظوری کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔اس کے علاؤہ شہر کے مختلف علاقوں بشمول تکا تو، درخشاں، شالکوٹ، اور ہزار گنجی میں تجاوزات کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں زور دیا گیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ان زمینوں کو فوری طور پر واگزار کرایا جائے۔اجلاس میں کوئٹہ میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کوئٹہ ٹاؤن میں کئی غیر قانونی نجی اسکیمز بغیر منظوری کے چل رہی ہیں۔ ان اسکیمز کے خلاف کارروائی کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اس کے علاؤہ کراچی بس ٹرمینل کی نئی جگہ منتقلی سے متعلق اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اسی طرح شہر سے ڈیری فارمز کی منتقلی کے لیے مختص جگہوں اور ان میں حائل رکاوٹوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔آخر میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کو مشترکہ طور پر ماسٹر پلان کے مسائل کے حل کے لیے جامع پلان آف ایکشن مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔

را سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ ماسٹر پلان پر عمل درآمد سے شہر کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے معیار زندگی میں بھی خاطر خواہ تبدیلی رونما ہوگی لہذا کوئٹہ ماسٹر پلان پر عمل درآمد کا سلسلے تیز کیا جائے۔