اسلام آباد ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،25 مسافر زخمی،وفاقی وزیر ریلوے کانوٹس،رپورٹ طلب

ہفتہ 2 اگست 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) کالا شاہ کاکو کے قریب اسلام آباد ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 25 مسافر زخمی ہو گئے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثہ جمعہ کی شام اس وقت پیش آیا جب 107-اپ اسلام آباد ایکسپریس لاہور سے راولپنڈی جا رہی تھی۔حادثے کے فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ شدید زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر ریلوے نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سات روز کے اندر رپورٹ طلب کر لی ہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔