آئی سی ٹی پولیس کا ترنول، گولڑہ کے علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن ، 40 مشکوک افراد زیر حراست

ہفتہ 2 اگست 2025 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وفاقی دارالحکومت سے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے جاری کوششوں کے تحت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے تھا نہ ترنول اور گولڑہ کی حدود میں مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق یہ آپریشن انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد بھر میں جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے لیے کیا گیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران پولیس ٹیموں نے 170 افراد، 80 گھروں، 63 موٹر سائیکلوں اور 16 گاڑیوں کو چیک کیا۔ جس کے نتیجے میں 40 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر مزید تصدیق اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) محمد جواد طارق کی نگرانی میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس، منشیات فروشوں اور لینڈ گریبرز کے خلاف بلا تفریق اپنا جارحانہ کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ ان سرچ آپریشنز کا مقصد سماج دشمن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور شہر میں مجموعی سکیورٹی ماحول کو بہتر بنانا ہے۔