گورنر خیبر پختونخوا سے زاہد اکرم درانی کی ملاقات، صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار

ہفتہ 2 اگست 2025 22:39

گورنر خیبر پختونخوا سے زاہد اکرم درانی کی ملاقات، صوبے میں امن و امان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے جمیعت علماء اسلام کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے ملاقات کی اور خیبر پختونخوا اور بالخصوص جنوبی اضلاع میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کر دیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی بجائے الٹا دہشت گردوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں زاہد اکرم درانی نے خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے حالیہ اتحاد کے باعث سینٹ کے الیکشن میں کامیابی پر گورنر اور دیگر اپوزیشن قائدین کے کردار اور حکمت عملی کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ملاقات میں خیبر پختون خوا اور بالخصوص جنوبی اضلاع میں وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کی ترقی کے لیے صوبہ کی تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہوکر ہی ہم اپنے صوبے کے حقوق کے حصول اور عوام کے مسائل کے خاتمہ کو یقینی بنا سکتے ہیں۔