لاہور ہائیکورٹ، پرنسپل سیٹ پر موسم گرما کی تعطیلات کے پانچویں ہفتے کا ججز روسٹر جاری

ہفتہ 2 اگست 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں پرنسپل سیٹ پر موسم گرما کی تعطیلات کے پانچویں ہفتے کا ججز روسٹر جاری کردیا گیا۔ سوموار سے پرنسپل سیٹ پر4 ڈویژن بنچ سول اور فوجداری اپیلوں پر سماعت کرینگے،10 سنگل بنچ حکم امتناعی، ضمانت اور اندراج مقدمہ سمیت کیسز کی سماعت کریں گے۔ پرنسپل سیٹ پر ڈویژن بنچز میں کام کرنیوالے ججز بطور سنگل بنچ بھی کیسوں کی سماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری سے ترمیمی روسٹر جاری کیا گیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عبھر گل خان پر مشتمل بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر اورجسٹس شاہد کریم وجسٹس راجہ غضنفر علی خان پر مشتمل بنچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔اسی طرح جسٹس ملک وقار حیدر اعوان اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل بنچ سول اپیلوں پر ،جسٹس ملک محمد اویس خالد اور جسٹس تنویر احمد شیخ پر مشتمل بنچ فوجداری اپیلوں پر ،جسٹس راحیل کامران فوری اور اہم نوعیت کے سول کیسوں پر اورجسٹس سردار اکبر علی ڈوگر عبوری ضمانت، ضمانت بعد از گرفتاری اور فوجداری کیسوں کی سماعت کرینگے۔ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران صرف اہم اور فوری نوعیت کے کیسز سماعت کیلئے پیش کئے جائیں گے۔