روس میں 24 گھنٹوں کے دوران زلزلے کے 70 جھٹکے ریکارڈ

اتوار 3 اگست 2025 09:20

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) روس کے مشرقی علاقے کمچاٹکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زلزلے کے تقریباً 70 جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن میں سے 10 جھٹکے علاقائی دارالحکومت پیٹروپاولوفسک۔ کامچاٹکامیں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ تاس کے مطابق یہ اطلاع روسی اکیڈمی آف سائنسز کی جیوفزیکل سروس کے کمچاٹکادفتر نے ٹیلیگرام پر دی۔

بیان میں کہا گیا کہ 2 اگست کی آدھی رات سے لے کر رات 11 بجے تک پیٹروپاولوفسک۔ کمچاٹکا میں 10 زلزلے نمایاں طور پر محسوس کیے گئے۔ مجموعی طور پر 65 سے زائد زلزلے ریکارڈ کیے گئے۔سائنس دانوں کے مطابق علاقے میں زلزلہ پیما سرگرمی کی شدت میں کمی تو آ رہی ہے، مگر یہ اب بھی بلند سطح پر ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آفٹر شاکس کا سلسلہ آئندہ کئی ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 30 جولائی کی صبح کمتچاٹکا کے ساحل کے قریب ایک شدید زلزلہ آیا، جو 1952 کے بعد اس علاقے میں سب سے طاقتور زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ متحدہ جیوفزیکل سروس کے کمچاٹکادفتر نے اسے 8.7 قرار دیا۔ مرکزی زلزلے کے بعد شدت 5.0 یا اس سے زیادہ کے کئی آفٹر شاکس بھی آئے۔علاقائی وزارت صحت کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ کمچاٹکاکے حکام نے علاقے میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے، جبکہ سخالین ریجن کے سیویرو-کوریلسکی ضلع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔زلزلے کے بعد بحرالکاہل میں سونامی پیدا ہوا، جس کے باعث جاپان، امریکہ اور فلپائن کی جانب سے سونامی الرٹس جاری کیے گئے۔