پسند کی شادی پر بھائی نے کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو قتل کردیا

اتوار 3 اگست 2025 16:10

پسند کی شادی پر بھائی نے کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو قتل ..
جھنگ/راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)جنوبی پنجاب میں پسند کی شادی کرنے پر 2 خواتین سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، جھنگ میں کرغزستان سے لوٹنے والی خاتون ڈاکٹر اور راجن پور میں میاں بیوی کو قتل کردیا گیا۔جھنگ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عائشہ چند روز قبل کرغزستان سے واپس آئی تھیں، انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر حسنین سے نکاح کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتولہ کے اہل خانہ نکاح سے خوش نہیں تھے، ڈاکٹر عائشہ کو ان کے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرارہوگیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔دریں اثنا راجن پور کے علاقے محمدپور میں پسند کی شادی کرنے والے میاں، بیوی کو غیرت کے نام پر قتل کردیاگیا۔پولیس کے مطابق جوڑے نے کچھ ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، خاتون کے گھر والوں نے فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا، ملزمان جائے واردات سے فرار ہوگئے، پولیس نے مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ۔