قازقستان کی 2024 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 5 فیصد تک پہنچ گئی

پیر 4 اگست 2025 13:01

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) قازقستان کی اقتصادی شرح نمو 2024 میں 5 فیصد کی سطح تک پہنچ گئی جبکہ اس عرصہ کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو 4.8 فیصد تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔خبررساں ادارے ’’کازانفارم‘‘ نے قومی ادارہ شماریات کے حوالے سے بتایا کہ 2024 کے دوران اقتصادی ترقی کا بڑا محرک نان آئل سیکٹر کی ترقی رہی ، اشیاء کی پیداوار میں 6.3 فیصد اضافہ ہوا جس کا ابتدائی تخمینہ 5.5 فیصد تھا جبکہ سروسز سیکٹر نے 4.6 فیصد کی نمو ظاہر کی۔

رپورٹ کے مطابق مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں 6.8 فیصد اضافہ ہوا جو 2011 کے بعد بلند ترین سطح ہے، تعمیراتی شعبے نے 15.3 فیصد کی شرح نمو ریکارڈکی جبکہ زرعی شعبہ میں 13.7 فیصد اور ڈومیسٹک ٹریڈ میں 8.9 فیصد اضافہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ اور ویئرہاؤسنگ سروسز میں 9.4 فیصد ترقی دیکھی گئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ نتائج حقیقی شعبے کی معاونت، ٹرانسپورٹ ولاجسٹکس کے انفراسٹرکچر کی ترقی، سرمایہ کاری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور مالی وسائل تک رسائی میں بہتری جیسے اقدامات سے ممکن ہوئے جبکہ حکومت کی جامع اقتصادی پالیسی نے اندرونی طلب، کاروباری سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت کو مستحکم کیا۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے اپنی تازہ ترین پیش گوئی میں 2025 میں قازقستان کی 3 فیصد جی ڈی پی نمو کا تخمینہ لگایا ہے۔

متعلقہ عنوان :