ایف سی سی آئی کے صدر کا پاک امریکا تجارتی معاہدے کا خیر مقدم،باہمی تعلقات میں اضافہ ہوگا،ریحان نسیم بھراڑہ

پیر 4 اگست 2025 16:54

ایف سی سی آئی کے صدر کا پاک امریکا تجارتی معاہدے کا خیر مقدم،باہمی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدے پر حکومت کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک بیا ن میں انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری بھی بڑھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک میں تجارتی محصولات میں کمی، توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس معاہدے کو بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے کےلئے بڑی خوشخبری قرار دیا جس سے ٹیرف میں کمی سے امریکا کےلئے بھی پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل ہو گی جس کی و جہ سے پاکستانی برآمدات میں اضافے کےساتھ ساتھ امریکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے سے پاکستان اورامریکا کے درمیان طویل المدتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔