ایبٹ آباد، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون کے اعزاز میں پروقار تقریب

پیر 4 اگست 2025 17:09

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایبٹ آباد نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ خان جدون کے اعزاز میں ایبٹ آباد کلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں خواتین کی فلاح، تربیت اور معاشی خود مختاری کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ہیلپ آف ہیومینیٹی کی انگلینڈ کی ایمبیسیڈر ڈاکٹر افشاں جدون نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ میں مقیم پاکستانی خواتین کیلئے فلاحی، تربیتی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھیں گی۔ تقریب کی صدارت ویمن چیمبر کی بانی صدر صائمہ رضوان شاہ نے کی جبکہ دیگر اہم عہدیداران میں سینئر نائب صدر بصیرت شیخ، نائب صدر صائمہ خالد، جنرل سیکرٹری مریم دین شامل تھیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایگزیکٹو ممبران سیدہ نازش، نوشابہ نوشاد، سیدہ شائستہ بی بی، سیدہ خدیجہ، نازمہ، عظمیٰ اور نبیلہ نے بھی تقریب میں شرکت کی اور چیمبر کی سرگرمیوں کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر ہر پلیٹ فارم پر خواتین کی رہنمائی کریں گی۔ تقریب میں ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی کاروباری و پیشہ ور خواتین نے بھرپور شرکت کی اور ڈاکٹر شائستہ جدون کے کردار اور وژن کو سراہا۔