قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کی سب کمیٹی کا اجلاس، سیکٹر G-14 (جھنگی سیداں) کے متاثرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

پیر 4 اگست 2025 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈورکس کی سب کمیٹی نے سیکٹر G-14 (جھنگی سیداں) کے متاثرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کردی ۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈورکس کی سب کمیٹی کا اجلاس پیر کو ایف جی ای ایچ اے میں منعقدہوا ۔

اجلاس کی صدارت سب کمیٹی کے کنوینر انجم عقیل خان (رکن قومی اسمبلی) نے کی جبکہ محبوب شاہ اور ابرار احمد (اراکین قومی اسمبلی) کمیٹی کے ممبران کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جوائنٹ سیکرٹری عدنان دیار بھی شریک ہوئے ۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی نمائندگی چیف انجینئر ایف جی ای ایچ اے نے کی جبکہ ہائوسنگ اتھارٹی کے دیگر سینئر افسران جن میں ڈائریکٹر لینڈ احسان الہیٰ، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن شاہد ، ڈائریکٹر لاء باسط خان اور ڈائریکٹر ایڈمن فیض عمر سیال اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکٹر G-14 (جھنگی سیداں) کے متاثرین کے مسائل زیر غور آئے۔ اس موقع پر گوگل اور نان گوگل BUPsکے معاملات پیش کیے گئے۔ متاثرین کی شکایات سنی گئیں اور کمیٹی نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ متاثرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ڈائریکٹر لینڈ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بعض متاثرین کو ادائیگیاں ہو چکی ہیں لیکن ان کے مکانات تاحال خالی نہیں کرائے جا سکے۔

اس مسئلے کے فوری حل پر زور دیا گیا اور کمیٹی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سیکٹر F-14 اور F-15 سے متعلق معاملات کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈائریکٹر لینڈ اور ڈائریکٹر لاءشامل ہوں گے۔ اس کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات یوم کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے جس میں مسائل کے حل کے لیے عملی تجاویز شامل ہوں۔مزید برآں سب کمیٹی کے آئندہ دو اجلاس 8 اور 12 اگست 2025 کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے دفتر میں منعقد ہوں گے جن کا مقصد زمین کے حصول، زیر التوا ادائیگیوں، تعمیر شدہ جائیدادوں کے معاوضے، ایف جی ای ایچ اے کے ہائوسنگ منصوبوں میں تاخیر اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔

متعلقہ عنوان :