اینٹی کریشن فیصل آباد نے ریسکیو 1122 اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کلرک کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

منگل 5 اگست 2025 14:26

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 کے پی اے اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کلرک کو رشوت لیتے جبکہ جھنگ پولیس کے کانسٹیبل کو رشوت کی وصول شدہ رقم کی برآمدگی کے لئے گرفتار کر لیا گیا۔ سرکاری ملازم محمد یونس (پی اے برائے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر1122 فیصل آباد) کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد کے سرکل آفیسر فاروق نٹھوکہ کی جانب سے،قمر ضیا (مجسٹریٹ/سول جج) کی نگرانی میں کی گئی چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں گرفتار کرلیا گیا۔

ملزم نے شکایت کنندہ سے رشوت کی مد میں 10ہزار روپے طلب و وصول کئے اور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا کیونکہ نشان زدہ رقم اس کے قبضے سے برآمد ہوئی۔علاوہ ازیں ملزم عابد حسین (کلرک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد) کو فاروق نٹھوکہ اور ان کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شکایت کنندہ سے عوامی امور کے سلسلے میں رشوت کی مد میں 3 لاکھ روپے وصول کئے۔

ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے معزز عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا اور مزید تفتیش قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنا جھنگ پولیس نے شاہد عباس پولیس کانسٹیبل، پولیس لائن جھنگ کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے محمد چراغ سے بھرتی کے سلسلے میں 11 لاکھ روپے رشوت لی۔کارروائی کے دوران 80 لاکھ روپے واپس کئے گئے۔بعد ازاں تفتیش اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای ) کو منتقل کی گئی اور تفتیش کے دوران ملزم قصور وار پایا گیا۔ سرکل آفیسراے سی ای جھنگ اختر سعید نے ملزم کو گرفتار کیا اور رقم کی برآمدگی کے لئے اس کا جسمانی ریمانڈ معزز عدالت سے حاصل کیا جائے گا۔