کراچی؛ گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، شوہر زیر حراست

مقدمہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد درج کیا جائے گا، پولیس

منگل 5 اگست 2025 15:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)نیو کراچی خمیسہ گوٹھ میں گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی، پولیس نے خاتون کے شوہر کو تشدد کرنے کے شبہ میں حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے خمیسہ گوٹھ کبری مسجد کے قریب گھر سے 22 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی، جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 22 سالہ شکیلہ زوجہ وزیر کے نام سے کی گئی تاہم فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں کیا جا سکا، وجہ موت کا تعین کرنے کے لیے جاں بحق ہونے والی خاتون کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر رضوان قریشی کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتولہ کو اس کے شوہر نے تشدد کر کے قتل کیا ہے۔پولیس نے مقتولہ کے شوہر وزیر کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا تاہم مقدمہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد درج کیا جائے گا۔