ایبٹ آباد،ٹریفک پولیس کی شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے مفت ہیلمٹس کی تقسیم

منگل 5 اگست 2025 17:34

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ایبٹ آباد۔ 05 اگست (اے پی پی):ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے مفت ہیلمٹ تقسیم کیے،ٹریفک قوانین سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ٹریفک وارڈن پولیس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری مہم تیسرے مرحلے میں داخل ہو گئی۔

(جاری ہے)

منگل کے روز ایس ایس پی ٹریفک وارڈن قمر حیات خان کی قیادت میں شہریوں میں سینکڑوں ہیلمٹس مفت تقسیم کیے گئے،مہم کے دوران ایس ایس پی ٹریفک خود سڑک پر موجود رہے اور موٹر سائیکل سواروں کو نہ صرف ہیلمٹس فراہم کیے بلکہ انہیں ٹریفک قوانین کی اہمیت،ذمہ داری اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی بھی دی،اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان نے کہا ہیلمٹ کا استعمال محض قانونی تقاضا نہیں بلکہ انسانی جان کے تحفظ کی بنیادی شرط ہے،ہم چاہتے ہیں کہ شہری قانون کی پاسداری کے ساتھ ساتھ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کو بھی ترجیح دیں،انہوں نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے فلاحی و آگاہی اقدامات جاری رکھے گی۔