میڈیا اور فوٹوگرافی معاشرے کا نہایت اہم اور مؤثر ذریعہ ہیں،چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ

منگل 5 اگست 2025 20:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) آج کے دور میں جہاں تصویر ایک لمحے کو امر کرتی ہے، وہیں ویڈیو ہماری کہانیوں کو زندہ رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار مووی میکر اینڈ فوٹو گرافر ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے نو منتخب عہدیداران کی پروقار تقریبِ حلف برداری کے موقع پر صدر سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت نہ صرف پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دے گی بلکہ نوجوانوں کو بھی اس شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔ چوہدری عرفان وڑائچ نے مزید کہا کہ میڈیا اور فوٹوگرافی آج کے معاشرے کا نہایت اہم اور مؤثر ذریعہ ہیں، جن کے ذریعے مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن قابلِ تعریف ہے، اور ہمیں ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جو معاشرتی ہم آہنگی اور فنونِ لطیفہ کے فروغ میں کردار ادا کر رہے ہیں۔چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نےاس موقع پر اپنے خطاب میں سیالکوٹ کے نامور فوٹوگرافر عبد المجید بٹ مرحوم کی کمی کو بہت شدت سے محسوس کیا اور انکی خدمات کو زبر دستی خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ممتاز شاہ ،تحسین انجم ،اور رضوی فوٹوگرافر کی خدمات کا اعتراف کیا۔