راولپنڈی میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے واک کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے زیراہتمام یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کے دفتر سے شروع ہو کر کمشنر آفس راولپنڈی سے واپس اے سی کینٹ دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سعد رحمن اور سی او ضلع کونسل نے کی جبکہ واک میں ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، طلباء، اساتذہاور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر سے یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔واک کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گی واک کا اختتام کشمیری عوام کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ ہوا۔