سکیورٹی فورسز کاخضدار میں آپریشن، 14 دہشتگرد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے

سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا، خضدار کے عوام کا دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر خوشی کا اظہار، پاک فوج کے نعرے لگائے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:16

سکیورٹی فورسز کاخضدار میں آپریشن، 14 دہشتگرد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 04 اکتوبر 2025ء ) پاک فوج کا ملک بھر میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خضدار کے علاقے زہری میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 14 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ،جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 20 سے زائد دہشتگرد زخمی کردیئے گئے۔

(جاری ہے)

ہلاک دہشتگرد علاقے میں پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے تھے، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کی تمام سازشیں ناکام بنا دیں۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا۔ خضدار کے عوام نے متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کیلئے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز عوام کے تعاون سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے دم لیں گے۔