Live Updates

پیپلزپارٹی نے سندھو دریا پر نوازشریف کو کالاباغ ڈیم نہیں بنانے دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے؟

مریم نواز متنازعہ کینالوں کی بات کرکے آئینی فورم سی سی آئی کی توہین کر رہی ہیں، سندھو دریا کے پانی پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ صدر پیپلزپارٹی سندھ نثار کھوڑو کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:51

پیپلزپارٹی نے سندھو دریا پر نوازشریف کو کالاباغ ڈیم نہیں بنانے دیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر 2025ء) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھو دریا پر نوازشریف کو کالاباغ ڈیم نہیں بنانے دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے؟ مریم نواز متنازعہ کینالوں کی بات کرکے آئینی فورم سی سی آئی کی توہین کر رہی ہیں، سندھو دریا کے پانی پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ریمارکس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے متنازعہ کینال منصوبے کے متعلق ریمارکس کو سی سی آئی کے فیصلے کی خلاف ورزی اور آئینی فورم کی توہین قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مریم نواز کے ریمارکس کا نوٹس لینے اور پارٹی پالیسی واضع کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پیپلزپارٹی نے پنجاب حکومت سے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امداد قوم کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ سی سی آئی کا آئینی فورم متنازعہ کینال منصوبے کو مسترد اور دفن کرچکا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سی سی آئی کے آئینی فورم سے بالاتر نہیں ہیں اور مریم نواز کی اکیلے سی سی آئی کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں۔ سی سی آئی کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کے جب تک تمام صوبے اتفاق نہیں کرینگے تب تک کوئی کینال منصوبہ نہیں بنے گا اور سندھ کو کسی صورت متنازعہ کینال منصوبے قبول نہیں ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ مریم نواز متنازعہ کینالوں کے متعلق ریمارکس دے کر سی سی آئی کے فیصلے کی خلاف ورزی اور آئینی فورم کی توہین کر رہی ہیں۔ مریم نواز کو اپنے صوبے کے اندر اپنے دریاؤں پر اپنے پانی سے ڈیم بنانے سے کسی نے نہیں روکا مگر سندھو دریاء پر لنک کینالز اور ڈیم بنانے کی بات کرینگے تو سندھ نے نواز شریف کو کالاباغ ڈیم بنانے نہیں دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے۔

سندھ صوبہ اپنے سندھو دریا کے پانی پر کسی کو بھی ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گا نہ ہی سندھو دریا پر کسی کق ڈیم بنانے دینگے۔ آئینی طور پر پانی پر پہلا حق ٹیل والے صوبے سندھ کا ہے اور سندھ کے پانی پر حملہ سندھ اور ملک کی وحدت پر حملہ تصور ہوگا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ نواز شریف میں سیاسی سمجھ تھی جس نے ماضی میں کالاباغ ڈیم کا اعلان واپس لیا اور مریم نواز میں سیاسی سمجھ نہیں اس لئے وہ آئینی فورمز کی توہین کر رہی ہیں۔

مسلم لیگ ن کا قائد نواز شریف ہے مریم نواز نہیں اس لئے نواز شریف مریم نواز کے بیانوں کا نوٹس لیں اور اس متعلق پارٹی پالیسی واضع کریں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز پیپلز پارٹی کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اس لئے وہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے رلیف دینے کے عمل کی مخالف ہیں۔ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں، ہیپلزپارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کو پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں کرنے کا حق حاصل ہے۔

مریم نواز کی پنجاب کے سیلاب متاثرین کو امداد و رلیف پہنچانے کی کارکردگی کے دعوے صرف صرف ٹی وی چینلز تک محدود ہیں۔ پنجاب کے سیلاب متاثرین تاحال امداد و رلیف کے لئے انتظار کرکے ترس رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کی سیلاب متاثرین کو مکمل امداد و رلیف فراہم کرنے کی کھوکھلی دعوائوں کا پول کھل چکا ہے۔ اگر وزیراعلی پنجاب  سیلاب متاثرین کو مکمل رلیف و امداد پہنچا رہی ہیں تو وہ قوم کے سامنے ظاھر کریں۔ پنجاب حکومت نے سیلابی پانی کو پھیلانے کے لئے ایک منصوبہ بندی کے ساتھ کٹ لگوا کر غریب کسانوں اور ان کے فصلوں کو ڈبویا اور امیر طبقے کے بنگلوں کو بچایا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات