مشہور سیاحتی مقام پر موسم سرما کی پہلی برفباری

شدید برفباری کے باعث ملک کے بلند ترین پہاڑی مقام نے سفید چادر اوڑھ لی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 اکتوبر 2025 21:00

مشہور سیاحتی مقام پر موسم سرما کی پہلی برفباری
خنجراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر 2025ء) مشہور سیاحتی مقام پر موسم سرما کی پہلی برفباری، شدید برفباری کے باعث ملک کے بلند ترین پہاڑی مقام نے سفید چادر اوڑھ لی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے چند پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخواہ کے بلند پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد موسم سرد ہو گیا۔

گلگت بلتستان میں پاک چین سرحدی علاقے خنجراب میں موسم سرما کی پہلی اور شدید برفباری ہوئی جس کے بعد علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ کے پہاڑوں پر بھی برفباری کے بعد شمالی علاقوں میں موسم سرما کے سیزن کا آغاز ہو گیا۔ کالام کے بلند پہاڑی علاقوں کے علاوہ ناران کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں ہر سال ستمبر کے آخر سے موسم سرما کا آغاز ہو جاتا ہے۔

دوسری جانب ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کو تیار ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقو ں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے،بڑے دریاؤں بشمول دریائے جہلم،راوی، ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے ،پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب میں بارشیں متوقع ہیں ،خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں وقفے وقفے بارشوں کا امکان ہے ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ابیٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور صوابی، وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ، سندھ میں کراچی، جامشورو، ٹھٹہ،بدین،سجاول، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ کے واقعات کا خدشہ ہے ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈز،کے خطرے کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے راہنمائی لیں ،نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر تمام متعلقہ اداروں کو بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے ،این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے ،مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں ۔